نئی دہلی،2؍جنوری (آئی این ایس انڈیا) کسانوں نے مرکزی حکومت کے ذریعہ نافذ زرعی قوانین کے خلاف احتجاج کیا ہے۔ کسانوں کا احتجاج 38 دن سے جاری ہے۔
قومی دارالحکومت دہلی کی سرحدوں پر سردی کے موسم میں بھی کسان دھرنے پر بیٹھے ہیں۔ اترپردیش کے غازی آباد میں یوپی گیٹ پر کسانوں کی ایک بڑی تعداد جمع ہے۔ وہ اس مطالبے پر قائم ہیں کہ حکومت نئے قانون کو منسوخ کرے۔ کسان قائدین اور حکومت کے مابین مذاکرات ہونے ہیں۔ حکومت سے بات چیت سے قبل ایک کسان نے بیت الخلا میں پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔
معلومات کے مطابق میونسپل کارپوریشن کے ذریعہ فراہم کردہ موبائل ٹوائلٹ میں ایک بزرگ کسان نے خودکشی کرلی۔ کسان کا نام کشمیر سنگھ ہے۔ 75 سالہ کشمیرکویوپی کے ضلع رام پور کی تحصیل بلاسپور کے رہائشی بتایا جارہا ہے۔ کشمیر سنگھ کا ایک خودکش نوٹ بھی ملا ہے۔ اپنے سوسائڈی نوٹ میں انہوں نے لکھا ہے کہ جہاں ان کی موت ہوئی وہیں ان کا پوتا کو آخری رسوم ادا کرے۔ اس کی تدفین صرف دہلی-یوپی بارڈر پر ہونی چاہئے۔
کسان کشمیر نے اپنی خود کشی کے لیے حکومت کو ذمہ دار بناتے ہوئے لکھا ہے ہم سردیوں میں یہاں کب تک بیٹھیں گے۔ حکومت کو ناکام قرار دیتے ہوئے کسان نے کہا ہے کہ یہ حکومت نہیں سن رہی، لہٰذا میں اپنی جان دینے جارہا ہوں تاکہ کوئی حل نکل سکے۔
بھارتیہ کسان یونین (بی کے یو) ٹکیت کے ریاستی سربراہ بجیندر یادو کے مطابق اب ان پر یہ ذمہ داری بڑھ گئی ہے کہ ناراض کسانوں کے مطالبات حکومت سے منوائے جائیں۔